صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کل کابینہ اجلاس میں 15 لاکھ خاندانوں کو راشن کارڈز دینے کی منظوری دی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ راشن کارڈز کے ذریعے 15 لاکھ غریب خاندانوں کو ماہانہ بنیاد پر راشن ملے گا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے رمضان میں عام آدمی کیلئے قابل تعریف اقدامات کیے ہیں، صوبائی حکومت نے پرائس کنٹرول کیلئے کوششیں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل کابینہ اجلاس میں پنجاب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بنانے کی بھی منظوری دی، جنسی جرائم کی روک تھام کیلئے خصوصی کرائم یونٹ بنائیں گے، باقاعدہ سائنسی طریقے سے انویسٹی گیشن ہو گی، ملزمان کو سزائیں دلوانا وزیراعلیٰ مریم نواز کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز رمضان ریلیف پیکیج کی خود نگرانی کررہی ہیں، رمضان دوسرے صوبوں میں بھی آیا تھا، تمام صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری تھی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کریں، پنجاب میں تو مریم نواز نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا خیال رکھا۔
اس موقع پر وزیراعلی کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے رمضان ریلیف پیکیج کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں 80 سے زائد رمضان سہولت بازار لگائے گئے، اب تک ایک کروڑ 26 لاکھ لوگ رمضان سہولت بازاروں سے مستفید ہو چکے ہیں۔


