جہلم: اینٹی کرپشن نے تحصیل آفس جہلم میں چھاپہ مار کر گردوار کو رشوت کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (ACE) جہلم نے تحصیل آفس جہلم میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گرداور کو مبینہ طور پر 60 ہزار روپے رشوت وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق پیر کے روز اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جہلم علینہ خضر بوسال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل آفس جہلم میں چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران محمد شفیق گرداور کو مبینہ طور پر خاور اعجاز سکنہ جادہ جہلم سے ریونیو ریکارڈ اور دستاویزات کی تصحیح کے سلسلے میں 60 ہزار روپے رشوت وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کارروائی کے بعد معاملے کی مزید نگرانی اور مانیٹرنگ جاری ہے جبکہ کیس کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی ضابطے کے مطابق عمل میں لائی جا رہی ہے۔


