جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سول ہسپتال جہلم کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ سمیت مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی طبی سہولیات کے حوالے سے رائے لی۔ اس دوران انہوں نے مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے ہسپتال عملے کے رویے اور علاج معالجے کے معیار پر بھی گفتگو کی۔
ہسپتال انتظامیہ نے ڈی سی جہلم کو ہسپتال میں دستیاب ادویات، طبی سہولیات اور عملے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی سی جہلم میثم عباس نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی پارکنگ ایریا کا بھی معائنہ کیا، جہاں شہریوں نے انہیں مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈی سی جہلم نے ہسپتال انتظامیہ کو فوری اقدامات کرنے اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران ڈی سی جہلم نے بزرگ شہریوں اور مریضوں سے کہا کہ حکومت شہریوں کو بہتر سے بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے ہسپتالوں کی بہتری کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس اچانک دورے کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے۔


