جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ، انتظامیہ کے ساتھ اجلاس، دو روز میں صحت سہولت پروگرام کی فائلز مکمل کرنے اور تعمیراتی کام کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایم ایس سول ہسپتال اور انتظامیہ کیساتھ صحت سہولت پروگرام بارے تفصیلی بریفنگ لی۔
سی ای او ہیلتھ نے ڈپٹی کمشنر کو صحت سہولت پروگرام کی تفصیلات اور التوا کی شکار فائلز بارے آگاہی دی جس پر ڈپٹی کمشنر نے تمام فائلز کو دو روز میں مکمل کر کے رپورٹ پیش کر نے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے سول ہسپتال کے زیر تعمیر اورسیز بلاک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تعمیراتی کام کے آخری مراحل کو جلداز جلد مکمل کرنے اور کام کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، بچہ وارڈ اور دیگر حصوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تمام پنکھوں کو فعال کرنے، کھڑکیوں کا معیار بہتر بنانے اور مریضوں کے اہل خانہ کے لئے بیٹھنے اور صاف شفاف پانی کے چوبیس گھنٹے انتظام کرنے کا ہدایات جاری کیں۔


