جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے سائلین کیلئے 24 گھنٹے کھلے ہیں، لوگوں کے مسائل کے حل اور ان میں آسانیاں تقسیم کرنے کے فلسفہ پر یقین رکھتا ہوں، شہری کسی بھی وقت اپنے مسائل کے حل کیلئے میرے دفتر آسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر شہریوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ڈی پی او نے ہر ایک سائل کی درخواست کا بغور جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو مناسب احکامات جاری کئے۔
ڈی پی او ناصر محمود باجوہ نے اس موقع پر مزید کہا کہ ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز مقررہ اوقات میں تھانوں اوراپنے دفاتر میں موجود رہیں، پولیس افسران تھانوں کی سطح پر شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، افسران و جوان نوکری کو عبادت سمجھ کر کریں اور مظلوموں کا سہارا بنیں۔


