جہلم میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن، خواتین اور بچوں سمیت 140 افغان باشندوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ کارروائی کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 140 افغان باشندوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر میں پانچ ہزار سے زائد افغان باشندے بغیر قانونی دستاویزات کے مقیم ہیں، جن کے خلاف مرحلہ وار کریک ڈاؤن جاری ہے۔
@jhelumupdates جہلم میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع #JhelumUpdates #LatestNews #fyp #breakingnews #jhelum #foryoupagе #viralvideos #tiktoknews #newsupdate #latestupdates ♬ original sound – Jhelum Updates
نادرا اور ایف آئی اے کی ٹیمیں ہولڈنگ کیمپوں میں موجود افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال میں مصروف ہیں۔ صرف درست ویزہ رکھنے والے افراد کو پاکستان میں قیام کی اجازت دی جائے گی، جبکہ جن کے پاس پی او آر کارڈ کی معیاد ختم ہو چکی ہے یا جن کے کوائف نامکمل ہیں، اُنہیں واپس افغانستان بھیجنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گورنمنٹ ڈگری کالج جی ٹی روڈ جہلم اور البیرونی کالج پنڈدادنخان میں عارضی ہولڈنگ کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں ان افراد کو رکھا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ملکی سلامتی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہے، اور کسی بھی غیر قانونی مقیم فرد کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

