دینہ میں سپین پلٹ دو بھائیوں نے فائرنگ کر کے ایک ہی گھر کے چار افراد کو قتل کردیا، ملزمان فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے نواحی گاؤں بھرٹہ نزد کالووال میں معمولی رنجش پر دو سپین پلٹ بھائیوں نے ملکر ایک ہی گھر کے چار افراد کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، مرنے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مقتولین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جن میں 33 سالہ عدیلہ کنول زوجہ ابرار حسین، 60 سالہ سکینہ ارشد زوجہ ارشد محمود، 40 سالہ ابرار حسین ولد عنایت حسین اور 35 سالہ مبشر ارشد ولد ارشد محمود شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شبِ برات کے موقع پر رات تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ قتل کے مرکزی ملزمان سپین سے آئے ہوئے جمیل گجر اور اس کا بھائی ظہیر گجر ہیں، جنہوں نے اپنے ہی گاؤں کے دو مردوں اور دو خواتین کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
مقتولین میں مبشر گجر، اس کا بہنوئی ابرار گجر، مبشر کی بہن اور اس کی والدہ شامل ہیں۔ مقتول ابرار منگلا واپڈا میں ملازم جبکہ مبشر جہلم کچہری میں ایک وکیل کا منشی تھا۔ ذرائع کے مطابق چند دن قبل دونوں پارٹیوں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا تھا، جس کا نتیجہ یہ افسوسناک واقعہ نکلا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او جہلم طارق عزیز، تھانہ منگلا کینٹ کی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھرٹہ گاؤں پہنچیں اور چاروں مقتولین کی نعشوں کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی۔ تمام لاشوں کو ابتدائی طور پر رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کیا جائے گا۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ایک مقتول کی لاش گلی سے، دوسری لاش گھر کے دروازے پر جبکہ دو خواتین کی لاشیں گھر کے اندر سے برآمد ہوئیں۔
ڈی پی او جہلم نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے تاکہ ملزمان بیرون ملک فرار نہ ہونے پائے۔ پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور جلد ہی ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
@jhelumupdatespk جہلم: دینہ میں سپین پلٹ دو بھائیوں کی فائرنگ؛ ماں، بیٹی، بیٹے اور داماد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا #Jhelum #JhelumUpdates #foryoupage❤️❤️ #pageforyou #Pakistan #PakistanNews #Punjab #جہلم #News #crime #Crimenews #Dina #Mangla


