جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر حاجی زاہد حسین بٹ نے کہا ہے کہ ضلع جہلم جغرافیائی اہمیت اور قدرتی و معدنی وسائل کے اعتبار سے دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ تحصیل پنڈدادنخان کا تاریخی شہر کھیوڑہ سفید گولڈ اور پنک گولڈ سمیت قیمتی معدنیات کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی الگ اور ممتاز شناخت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہلم کا سفید اور پنک نمک قدرت کی عطا کردہ ایسی بیش قیمت دولت ہے جس نے ضلع کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلایا ہے۔ یہ معدنی ذخائر جہلم کی پہچان، معاشی ترقی اور صنعتی امکانات کا اہم سرمایہ ہیں۔
حاجی زاہد حسین بٹ کا کہنا تھا کہ ان قدرتی وسائل کو مؤثر منصوبہ بندی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ حکمت عملی کے ذریعے مزید ترقی دی جا سکتی ہے۔ معدنی وسائل کی بہتر افادیت اور ان سے وابستہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر نہ صرف ضلع جہلم کی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے بلکہ ملکی معیشت میں بھی نمایاں کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔


