جہلم پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے خاتون سمیت 4 ملزمان کو شراب اور منشیات سمیت گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر جہلم پولیس نے منشیات فروشوں اور شراب سپلائرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس اور شراب برآمد کر لی۔
تھانہ کالا گجراں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش خاتون کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 660 گرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ تھانہ للِہ پولیس نے شراب سپلائر ملزم کو دھر لیا اور اس کے قبضے سے 10 لیٹر شراب برآمد کر لی گئی۔ دونوں ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے۔
اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اور اس کی ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے 2 شراب سپلائرز کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 40 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ گرفتار دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں جن کے خلاف جہلم پولیس کا بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔


