جہلم سمیت ضلع بھر میں مضر صحت منرل واٹر کی فروخت عروج پر ،قیمتی جانیں داؤ پر لگ گئیں ، نہروں ٹیوب ویلوں کا پانی مہلک امراض کا سبب بننے لگا۔ منرل واٹر کے نام پر مضر صحت پانی فروخت کرنے والے بااثر افراد نے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنا شروع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شہرسمیت ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں کے بااثر افراد نے اندرون شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں منی منرل واٹر فیکٹریاں قائم کرکے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ناموں سے ملتے جلتے ناموں کے لیبل پرنٹ کروا کر گھروں میں بوتلیں بھرنی اور فروخت کرنی شروع کررکھی ہیں جبکہ بوتلوں پر ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ریپر چسپاں کر دیئے جاتے ہیں۔
منرل واٹر گلی محلوں کے اندرنلکوں، ٹیوب ویلوں سے پانی بھر کر مہنگے داموں فروخت کیا جارہاہے ۔ جس کا کسی واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کا کوئی ثبوت یا سرٹیفکیٹ نہیں ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے متعلقہ ذمہ داران کی عدم دلچسپی کیوجہ سے ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں ناقص و مضر صحت منرل واٹر کا کارروبار عروج پکڑرہاہے۔
شادی بیاہ کی تقریبات ، ہوٹلوں ، ریلوے اسٹیشن ، لاری اڈوں کی دکانوں، سرکاری و نجی ہسپتالوں کی کینٹینوں پر ناقص و مضر صحت منرل واٹر کی فروخت کرنے کا سلسلہ عروج پر ہے ۔ جس کے استعمال سے متعدد شہری ہیپاٹائٹس معدے کے سرطان اور دیگر مہلک امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بعض مالکان نئی بوتلیں خریدنے کی بجائے کباڑیوں ، میرج ہالز، میرج گارڈنز اور بڑے ہوٹلوں اور ہسپتالوں کے ملازمین سے چند ٹکوں کے عوض استعمال شدہ پرانی بوتلیں خریدلیتے ہیں اور ان کو صاف کرنے کی بجائے اسی طرح دوبارہ سے پانی بھر کر فروخت کے لئے بھجوادیا جاتا ہے۔
شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مضر صحت منرل واٹر فروخت کرنے والی جعلی فیکٹریوں اور دکانداروں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے متعلقہ ذمہ داران کو سختی سے پابند بنایا جائے تاکہ شہری موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں ۔


