پنڈدادنخان: شہریوں کو اراضی اور ریونیو سے متعلق خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت نے اراضی ریکارڈ سنٹر پنڈدادنخان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عملے کی حاضری، دفتری نظم و ضبط، زیرِ التوا درخواستوں اور سائلین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے اراضی سے متعلق مختلف معاملات اور موصول ہونے والی درخواستوں پر کارروائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو دفتری اوقات کی مکمل پابندی کرنے اور اراضی ریکارڈ سنٹر آنے والے شہریوں کو مناسب رہنمائی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت نے کہا کہ سائلین کے جائز معاملات کو قانون اور میرٹ کے مطابق بروقت نمٹایا جائے اور شہریوں کو اپنے کام کے لیے غیر ضروری انتظار یا بار بار دفتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے زیرِ التوا معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اراضی ریکارڈ سنٹر میں شفاف، مؤثر اور شہری دوست سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جائے، تاکہ شہریوں کو اراضی و ریونیو سے متعلق خدمات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


