جہلم کے علاقے مجاہد آباد میں واقع سبزی منڈی کا راستہ تجاوزات مافیا کے قبضے میں آ گیا، جس کے باعث شہریوں اور راہگیروں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تجاوزات کی وجہ سے سبزی منڈی کے راستے پر ٹریفک جام رہنا بھی روزانہ کا معمول بن گیا ہے جبکہ پیرا فورس اور میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسدادِ تجاوزات کی مبینہ غفلت پر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
شہریوں کے مطابق منڈی کے راستے پر دکانداروں اور دیگر افراد کی جانب سے قائم تجاوزات نے آمدورفت کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے۔ پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کے گزرنے کے لیے مناسب جگہ نہ ہونے کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پیرا فورس اور میونسپل کمیٹی کا شعبہ انسدادِ تجاوزات اس مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔ متعلقہ اداروں کے اہلکار کئی روز بعد موقع پر آتے ہیں، مبینہ طور پر فوٹو سیشن کرتے ہیں، تصاویر سرکاری واٹس ایپ گروپ میں ارسال کرتے ہیں اور عملی کارروائی کیے بغیر واپس چلے جاتے ہیں۔
عوامی حلقوں نے متعلقہ اداروں کی اس مبینہ عدم توجہی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وقتی دوروں اور تصاویر بھیجنے کے بجائے مستقل بنیادوں پر تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے، تاکہ سبزی منڈی آنے جانے والے شہریوں اور تاجروں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر جہلم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مجاہد آباد سبزی منڈی کے راستے پر قائم تجاوزات کا فوری نوٹس لیا جائے اور بلاامتیاز آپریشن کرکے راستہ مکمل طور پر واگزار کروایا جائے، تاکہ ٹریفک کی روانی بحال اور شہریوں کی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

