جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں سردیوں کی شروعات سے پہلے ہی سوئی گیس کے پریشر میں کمی آنا شروع ہوگئی ، صبح دوپہر اور شام کے اوقات میں گیس کی فراہمی معمول سے کم کر دی جاتی ہے جبکہ باقی اوقات میں بعض علاقوں میں سوئی گیس کی مکمل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہنا معمول بن چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں جن میں کالا گجراں، مشین محلہ ، محلہ محمود آباد، ڈھوک فردوس، پروفیسر کالونی ،آفیسر کالونی، بلال ٹاؤن، ڈھوک جمعہ، سعیلہ سمیت دیگر علاقوں میں سوئی گیس کے پریشر میں واضح کمی ہو چکی ہے۔
صبح کے وقت سکولوں اور کالجوں میں جانے والے طلباء و طالبات اور دفاترو روزگار کیلئے جانے والے افراد کو صبح کے ناشتے کے حصول میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بعض اوقات سکول ، کالج کے طلباء وطالبات سکول ، کالج سٹاف و دیگر دفاتر میں کام کرنے والے افراد ناشتہ کئے بغیر ہی گھروں سے روانہ ہو جاتے ہیں ، جبکہ مزدور پیشہ افراد کو بھی اس مسئلے کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور حکومتی ادارے مہنگائی اپنی مرضی سے کرتے ہیں اور ٹیکسز بھی اپنی مرضی سے بڑھاتے ہیں لیکن عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔
جہلم شہر اور گردونواح کے گیس صارفین نے محکمہ سوئی گیس کے ذمہ دار ان سے مطالبہ کیا ہے کہ تینوں اوقات میں غریب عوام کو سوئی گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور عام صارف سکھ کی روٹی کھا سکے۔