پنڈدادنخان: جہلم کی یونین کونسل جلالپور شریف میں گراں فروشی نے شہریوں کی مشکلات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق دکاندار سرکاری نرخنامے کو مکمل طور پر نظرانداز کرتے ہوئے من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جس سے بالخصوص روزہ دار طبقہ شدید ذہنی و مالی دباؤ کا شکار ہے۔
شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کسی قسم کا مؤثر کنٹرول نظر نہیں آ رہا، اور صورتحال اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ بکرے کا گوشت 2400 روپے فی کلو، گائے کا گوشت 1200 سے 1400 روپے فی کلو جبکہ برائلر گوشت بھی من مانے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ رمضان کے چار روز گزر جانے کے باوجود پرائس کنٹرول مجسٹریٹس یا انتظامیہ کی جانب سے گراں فروشوں کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی سامنے نہیں آئی، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
شہریوں نے میر رضا اوزگن سے فوری نوٹس لینے اور اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ہو اور عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔


