پنڈدادنخان: ملک ندیم عباس نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؑ نے حق و صداقت کے علم کو بلند رکھنے کے لیے اپنا سر کٹوانا گوارا کیا، لیکن باطل اور ظلم کے سامنے جھکنا قبول نہ کیا۔ اُنہوں نے یزید کی بیعت سے انکار کرتے ہوئے عظیم قربانی دے کر رہتی دنیا تک ایک لازوال مثال قائم کی۔
جلالپور شریف کی معروف سماجی شخصیت ملک ندیم عباس نے محرم الحرام کے حوالے سے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں بھی امام حسینؑ کا پیغام ہمیں یہی سکھاتا ہے کہ باطل قوتوں اور ظالم نظام کے سامنے سر جھکانے کے بجائے، سچائی اور عدل کا ساتھ دیا جائے، چاہے اس کے لیے قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑے۔
ملک ندیم عباس نے ایران پر اسرائیل اور امریکہ کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم اقوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہماری دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص سنی و شیعہ میں تفرقہ ڈالنے، مقدسات کی توہین کرنے یا کفر کے فتوے لگانے کی کوشش کرے تو وہ پاکستان کا خیرخواہ نہیں بلکہ دشمن قوتوں کا آلہ کار ہے۔ ملک ندیم عباس نے اتحاد بین المسلمین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری امت مسلمہ کو متحد ہو کر ظلم کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ امن، بھائی چارہ اور انصاف کا بول بالا ہو۔


