جہلم میں انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی سربراہی میں پولیس لائن میں جنرل پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
اس پریڈ میں ضلع بھر سے پولیس افسران و ملازمان، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور لیڈیز اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے سلامی کے بعد پریڈ کا معائنہ کیا اور جوانوں کے ٹرن آوٹ اور فٹنس کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس معاشرے میں امن و امان قائم رکھنے اور جرائم کے انسداد کی ذمہ دار ہے، اس لیے پولیس افسران اور اہلکاروں کا چاق و چوبند اور فٹ ہونا انتہائی ضروری ہے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ نظم و ضبط اور پولیس افسران کی استعداد اور کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ایسی سرگرمیاں مسلسل جاری رکھی جائیں گی تاکہ پولیس فورس ہر وقت عوامی خدمت کے لیے تیار اور مؤثر ہو۔


