دینہ: عید الاضحی کے موقع پر پنجاب حکومت کے “ستھرا پنجاب” مشن کے تحت صفائی کے بہترین انتظامات کرنے پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سینٹری ورکرز کے اعزاز میں دینہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد اور سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض تھے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صفائی مہم میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 235 سینٹری ورکرز میں فی کس 10 ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے گئے جبکہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عہدیداران کو خصوصی شیلڈز اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے کہا کہ آپ سب اس تقریب کے اصل مہمانِ خصوصی ہیں۔ گرمی، موسم اور مشکلات کی پرواہ کیے بغیر آپ نے جو مثالی خدمات انجام دی ہیں، وہ قابلِ تحسین ہیں۔ آپ کی محنت اور لگن نے وزیراعلیٰ پنجاب تک رسائی حاصل کی، اور انہی خدمات کے اعتراف میں آپ کو انعام دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل اور ان کی ٹیم کی محنت کو بھی سراہا، جنہوں نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے دن رات کام کیا۔
تقریب میں سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، فوکل پرسن ستھرا پنجاب ناظم کیانی، سابق چیئرمین یو سی لدھڑ راجہ افراسیاب، مسلم لیگ ن کے راجہ لیاقت علی، میاں ریحان عنصر، میاں عتیق، راجہ مبارک کیانی، میاں سجاد سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی اور صفائی ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔
شرکاء نے صفائی ورکرز کے حوصلے اور خلوصِ نیت سے انجام دی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ورکرز معاشرے کے وہ خاموش ہیرو ہیں، جن کی بدولت عوام کو صاف اور صحت مند ماحول میسر آیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ورکرز کے ساتھ یادگار تصاویر بھی بنوائیں اور ان کی محنت پر انہیں دل کھول کر داد دی۔


