جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں پیٹرول اور فیول کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ عملہ فیلڈ میں سرگرم عمل ہے۔
اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے اپنے علاقوں میں پیٹرول پمپس کا دورہ کر کے فیول کے ذخائر اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ کا مقصد شہریوں کو ایندھن کی دستیابی میں کسی بھی قسم کی مشکلات یا مصنوعی قلت سے بچانا ہے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے واضح کیا ہے کہ پیٹرول کی ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر میں فیول سپلائی چین کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ افسران روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول پمپس کی چیکنگ جاری رکھیں گے تاکہ عوام کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


