پنڈدادنخان کے علاقہ جلالپور شریف میں مہنگائی بے قابو ہو گئی ہے اور اشیائے خوردونوش عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ تحصیل افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم توجہی کے باعث گراں فروش دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ دکاندار سرکاری نرخنامے کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی مرضی کے نرخوں پر اشیاء فروخت کر رہے ہیں۔
شہریوں کے مطابق گائے کے گوشت کا سرکاری نرخ 900 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم قصاب اسے 1200 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح بکرے کے گوشت کا سرکاری ریٹ 1700 روپے فی کلو ہونے کے باوجود بازار میں یہ 2200 سے 2400 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت بھی من مانی قیمتوں پر فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ سرکاری ریٹ لسٹ پر کہیں عملدرآمد نظر نہیں آتا۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے موثر چیکنگ نہ ہونے کے باعث گراں فروشی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے فوری نوٹس لینے اور گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کر کے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو مہنگائی کے عذاب سے نجات دلائی جا سکے۔


