جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں پولی تھین شاپر بیگز کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافہ، شہریوں کی صحت پر خطرات منڈلانے لگے ، ماحولیاتی آلودگی بھی بڑھ گئی، متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے پابندی کے باوجودمتعلقہ ادارے اس معاملے پر سنجیدگی سے کام نہیں کررہے جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اندرون شہرکی مارکیٹوں اور دوکانوں میں کھانے پینے کی اشیاء کی پیکنگ کے لیے پولی تھین بیگز کا استعمال دیدہ دلیری کے ساتھ بڑھ گیاہے جس کی وجہ سے شہر سمیت ضلع بھر میں شاپرکے استعمال کی وجہ سے گندگی پھیل رہی ہے اور ان شاپروں کی وجہ سے مہلک بیماریاں سر اٹھانے لگی ہیں۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شاپر بیگز مہلک بیماریوں جن میں کینسر اور سانس کی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔ ماہرین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ان شاپر بیگز کے استعمال سے زمین، پانی، ہوا اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شہری تنظیموں کی جانب سے حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ اس بابت سخت اقدامات کئے جائیں تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔


