جہلم: اسلام قریشی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے سالانہ اجتماعی شادیوں کا 21 واں پروگرام میجر اکرم شہید پارک میں منعقد کیا گیا جس میں 25 جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح امسال بھی اسلام قریشی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے اجتماعی شادیوں کا پروگرام میجر اکرم شہید پارک میں منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں اس سال 25 جوڑوں کی شادی انجام پائی۔ ہر دلہن اور دلہے کے لئے جہیز کے سامان میں گھر کی ضرورت کے مطابق ہر چیز موجود تھی، اس کے علاوہ آنے والی تمام براتوں کو بینڈ باجے کے ساتھ ویلکم کیا گیا۔
اس موقع پر دلہنوں نے کہا کہ ہم اسلام قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہماری شادی کے تمام اخراجات کئے اور آج ہم اپنی نئی زندگی کا آغاز کر رہے ہیں۔
اس موقع پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر آزاد کشمیر چوہدری محمد ایوب خان نے کہا کہ مجھے آج اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کر کے بہت خوشی محسوس ہوئی، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اسلام قریشی کو صحت و تندرستی عطاء فرمائے تا کہ آئندہ آنے والے وقت میں یہ اسی طرح عوام کی خدمت جاری رکھ سکیں۔
ان کے علاوہ جہلم سے چوہدری عارف سابق صدر انجمن تاجران، ایم ڈی SLS کالج سرفراز ملک، راجہ سعید صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر ، شائیں ڈار، ڈاکٹر شہزانہ امتیاز اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے اسلام قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں جس مجھے اور میری ٹیم کو اتنی ہمت عطائ فرمائی کہ میں 21 سال سے یہ اجتماعی شادیوں کا پروگرام کروا رہا ہوں اور جب تک زندگی ہے میں یہ پروگرام جاری رکھوں گا۔
اسلام قریشی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئر مین عامر سلیم میر نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کے آخر میں تمام آنے والے مہمانوں نے اسلام قریشی کے ساتھ مل کر تمام دلہنوں کو رخصت کیا۔