جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت خواتین کو قومی دھارے میں لانے کی عملی کوششوں کے سلسلے میں میونسپل کمیٹی جہلم میں خواتین کے لیے "خاتون سہولت ڈیسک” قائم کر دیا گیا ہے۔
اس سہولت ڈیسک کا قیام لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، پنجاب کے حکمنامے کے مطابق عمل میں لایا گیا، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن چیف آفیسر محمد عثمان گوندل نے جاری کیا۔ اس نئے سیٹ اپ میں سیدہ شاہدہ شاہ کو فوکل پرسن برائے خاتون سہولت ڈیسک مقرر کیا گیا ہے، جنہیں خواتین کھلی کچہری میں نمائندگی کی رضاکارانہ ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
ڈیسک کے افتتاح کی تقریب اسسٹنٹ کمشنر کی دستیابی پر منعقد کی جائے گی، جبکہ سنگت ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن اس منصوبے کے تحت بہت جلد متعلقہ سٹاف کے لیے تربیتی سیشن کا انعقاد کرے گی، تاکہ خواتین کے مسائل کو بہتر انداز میں سنا اور حل کیا جا سکے۔
خاتون سہولت ڈیسک کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ خواتین شہری بلدیاتی خدمات سے متعلق درپیش مسائل کی براہ راست نشاندہی کر سکیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔
اس ڈیسک کے ذریعے خواتین صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب، سیوریج نظام، صفائی، کوڑا کرکٹ اٹھانے، گلیوں اور نالیوں کی پختگی، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، تجاوزات کے خاتمے، وبائی امراض کی روک تھام، آوارہ کتوں کے خاتمے، مذبح خانہ کی فراہمی، پیدائش و اموات کا اندراج، شادی و طلاق کی رجسٹریشن، عوامی تہواروں اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ، مقامی کھیلوں کی ترقی، عوامی پارکس کی دیکھ بھال، اور رہائشی و تجارتی نقشہ جات کی منظوری جیسے امور پر رابطہ کر سکیں گی۔
پنجاب کے 45 میونسپل اداروں میں ایسے خاتون سہولت مراکز قائم کیے جا رہے ہیں جنہیں ایک نیٹ ورک کے ذریعے آپس میں مربوط کیا جا رہا ہے۔ سنگت ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن ان مراکز کو تربیتی و فنی معاونت فراہم کر رہی ہے اور "نیٹ ورک آف خاتون سہولت مراکز پنجاب” کو فعال بنانے کے لیے مختلف اقدامات بھی کر رہی ہے۔
میونسپل کمیٹی جہلم اس نیٹ ورک کا ایک فعال رکن ہے، جس سے نہ صرف مقامی سطح پر خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی بلکہ شہری خدمات کا معیار بھی بہتر ہو گا۔ شہریوں خصوصاً خواتین کی جانب سے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ سہولت ڈیسک خواتین کو میونسپل نظام سے جوڑنے اور ان کے مسائل کے بروقت حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔


