جہلم: مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے چینی کا حصول مزید مشکل بنا دیا گیا ہے۔
ہول سیل مارکیٹ میں 50 کلو چینی کا تھیلا 8950 روپے سے تجاوز کرگیا ہے جبکہ پرچون میں چینی کی قیمت 190 روپے فی کلو سے بھی اوپر جا چکی ہے۔ برانڈڈ چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئی ہے، جس نے غریب اور سفید پوش طبقے کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
محرم الحرام کے دوران سبیلوں اور گھریلو استعمال کے لیے شہریوں کو چینی مہنگے داموں دکانوں سے خریدنا پڑ رہی ہے جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی چینی ناپید ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت ہر سال رمضان، محرم اور دیگر مذہبی مواقع پر ریلیف دینے کے دعوے تو کرتی ہے مگر عملی طور پر صورتحال اس کے برعکس نظر آتی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر نوٹس لے اور جہلم سمیت ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی باقاعدہ اور مناسب نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ غریب عوام کم از کم اپنے بچوں کو چائے کے ساتھ روٹی تو دے سکیں۔


