پنڈدادنخان: ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وزیر اعلیٰ کے صاف ستھرا پنجاب ویژن پر عملدرآمد میں ناکام، شہر گندگی کا ڈھیر بننے لگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "صاف ستھرا پنجاب” کو عملی جامہ پہنانے کے بجائے پنڈدادنخان میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر میں گندگی، بدبو اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کر کے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا گریس پیریڈ مکمل ہونے کے باوجود نہ مشینری دستیاب ہے نہ ہی صفائی کے اوزار، جس کے باعث شہر میں صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔ کچرا اکٹھا کرنے کے نام پر فوٹو سیشن کے بعد جمع ہونے والا کوڑا گورنمنٹ گرلز کالج پنڈدادنخان اور سلاٹر ہاؤس کے قریب قائم ڈمپنگ پوائنٹ پر پھینک دیا جاتا ہے، جہاں سے اٹھنے والی بدبو اور تعفن سے طالبات اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
مزید یہ کہ ڈمپنگ پوائنٹ سے کچرا بغیر ڈھانپے ڈمپروں میں لوڈ کر کے شہر کے مین بازار اور رہائشی علاقوں سے گزارتے ہوئے کھیوڑہ روڈ پر وزن کروایا جاتا ہے، جس دوران کوڑا کرکٹ سڑکوں پر گرتا ہے اور ماحول آلودہ ہوتا ہے۔ واپسی پر یہی ڈمپنگ گاڑیاں دوبارہ شہر سے گزرتی ہیں، جس سے گندگی اور بدبو میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
شہریوں اور انجمن تاجران پنڈدادنخان کے نمائندوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ سڑکیں دھوئی جاتی ہیں، نہ گلی محلوں کی صفائی کی جاتی ہے، اور نہ ہی گھروں سے ڈور ٹو ڈور کوڑا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ مکمل طور پر غیر فعال ہو چکا ہے۔
عوامی و تاجر حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کر کے کسی باصلاحیت اور جدید مشینری سے لیس کمپنی کو ذمہ داری سونپی جائے، جو ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہر کو صاف ستھرا بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور صاف ستھرا پنجاب مہم کو کامیابی سے ہمکنار کر سکے۔


