سوہاوہ: ضلع جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے نواحی گاؤں جنڈالہ میں ربیع سیزن کے دوران گندم کی کاشت کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ضلع جہلم ڈاکٹر محمد احمد نے ترقی پسند کاشتکار عادل مجید کے ڈیرے پر گندم کی کاشت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مقامی کاشتکاروں، عوامی نمائندوں اور محکمہ زراعت توسیع کے اہلکاروں نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ انویسٹی گیٹر محمد گلزار، ضلعی میڈیا کوآرڈینیٹر محکمہ زراعت توسیع شکیل کھٹانہ، مقامی کاشتکاروں اور محکمہ زراعت کے دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔
تقریب کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر محمد احمد نے کہا کہ پنجاب حکومت گندم کی کاشت کے رقبے میں اضافے اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سیزن کے لیے ضلع جہلم میں 2 لاکھ 11 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جسے حاصل کرنے کے لیے محکمہ زراعت کا عملہ بھرپور محنت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے اہلکار کاشتکاروں تک رسائی حاصل کر رہے ہیں اور انہیں گندم کی بہتر پیداوار کے لیے جدید زرعی طریقوں، بروقت کاشت اور معیاری بیج کے استعمال کے حوالے سے آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔ اس مہم کا مقصد نہ صرف گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف حاصل کرنا ہے بلکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرکے ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
ڈاکٹر محمد احمد نے کاشتکاروں کو یقین دلایا کہ گندم کی قیمت کے معاملے میں حکومت انہیں مایوس نہیں کرے گی۔ انہوں نے زمینداروں پر زور دیا کہ وہ گندم کی کاشت میں محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں، تصدیق شدہ بیج استعمال کریں اور فصل کی کاشت روایتی طریقوں کے بجائے قطاروں میں کریں تاکہ بہتر پیداوار حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کاشتکار 15 نومبر سے قبل گندم کی کاشت مکمل کرنے کی کوشش کریں۔ ان کے مطابق بروقت کاشت، تصدیق شدہ بیج اور قطاروں میں کاشت جیسے زرعی طریقے اپنانے سے فی ایکڑ پیداوار میں ڈیڑھ سے دو من تک اضافہ ممکن ہو سکتا ہے۔
تقریب کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محکمہ زراعت توسیع کاشتکاروں کی رہنمائی اور معاونت کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ ضلع جہلم میں گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف حاصل کیا جا سکے اور ملک میں غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں مدد ملے۔


