دینہ کے نواحی علاقے میں 11 سالہ بچہ دوستوں کے ساتھ برساتی نالے میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے نواحی علاقہ سید حسین میں 11 سالہ ساحل ولد غفور ساکن نئی آبادی سید حسین اپنے دوستوں کے ساتھ نہاتے ہوئے برساتی نالے (نالہ کس) میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہل علاقہ موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو پانی سے نکالا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
11 سالہ بچے کی لاش کو رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ 11 سالہ ساحل کی میت گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا، والدین غم سے نڈھال اور اہل علاقہ کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔
بعدازاں بچے کی نمازِ جنازہ مقامی قبرستان میں ادا کی گئی، جس میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فضاء غم و اندوہ سے بھر گئی اور ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔ ننھے ساحل کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔


