پڑی درویزہ/ سوہاوہ: پورے ملک کی طرح پڑی درویزہ اور گردونواح میں بھی جشنِ عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت، جوش و خروش اور جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر محافلِ میلاد اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا، جبکہ عاشقانِ رسول ﷺ نے بھرپور شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق 48 سال سے جاری روایت کے مطابق سوہاوہ کے نواحی علاقے جامع مسجد محمدیہ غوثیہ موہڑہ روشن سے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں بڑا جلوس صبح 8 بجے برآمد ہوا۔ جلوس کی قیادت خطیب جامع مسجد علامہ محمد اجمل سیالوی، ڈاکٹر عامر علی منور اور مولانا نذیر حسین حجاج کرام نے کی۔ جلوس میں پیدل دستوں کے علاوہ موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیوروں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔
جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا پڑی درویزہ موڑ پہنچا، جہاں جامع مسجد حنفیہ پرانہ کوٹ اور جامع مسجد غوثیہ قادریہ ڈھوک جبہ میں مختصر قیام کیا گیا۔ اس دوران انجمن غلامانِ مصطفیٰ پڑی درویزہ کے کارکنان محمد اسماعیل، راحیل امجد مرزا، فرخ اکرم، مقامی صحافی پروفیسر افتخار محمود، شیخ نوخیز جاوید اور دیگر نے الخلیج مارکیٹ بیرون پڑی درویزہ میں خیرمقدمی کیمپ قائم کیا۔
خیرمقدمی کیمپ میں نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی خوشی میں خصوصی طور پر میلاد النبی ﷺ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر افتخار محمود نے اجتماعی دعا کرائی کہ اللہ تعالیٰ میلاد النبی ﷺ کے وسیلے سے تمام بیماروں پر اپنا کرم فرمائے اور خصوصی طور پر انجمن غلامانِ مصطفیٰ پڑی درویزہ کے بزرگ مرکزی کردار ماسٹر محمد اکرم کو صحتِ کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔
بعد ازاں موہڑہ روشن سے آنے والے جلوس کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ جلوس کے قائدین میں سابق کونسلر پڑی درویزہ صوبیدار نمبردار محمد الیاس بھی شامل تھے، جبکہ شرکاء کی ٹھنڈے مشروبات سے تواضع کی گئی۔
جلوس جب پڑی درویزہ کے تاریخی بازار چوک پہنچا تو وہاں بھی عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ادارہ منہاج القرآن، میلاد کمیٹی پڑی درویزہ کے کارکنان، علماء کونسل تحصیل سوہاوہ کے صدر اور خطیب جامع مسجد حنفیہ پرانہ کوٹ محمد وقاص جاوید حیدری سمیت دیگر معززین نے جلوس کا استقبال کیا۔ اس موقع پر جلوس کے شرکاء میں کھانے کے پیکٹ بھی تقسیم کیے گئے۔
بازار چوک سے جلوس سابقہ روایات کے مطابق جنجوعہ ہاؤس محلہ نکہ کی جانب روانہ ہوا، جہاں مختصر قیام کے دوران محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ بعد ازاں جلوس واپس جامع مسجد محمدیہ غوثیہ موہڑہ روشن پہنچا، جہاں بڑی محفلِ میلاد منعقد ہوئی۔
اس طرح پڑی درویزہ اور گردونواح میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کا یہ بابرکت اور روح پرور دن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔


