جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف انتظامی امور اور حکومتی ایپس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کا بنیادی مقصد ضلعی سطح پر عوامی خدمات کی فراہمی، ریونیو کی وصولی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کے نظام کو مزید مؤثر بنانا تھا۔
اجلاس میں پرائس مجسٹریٹس کی مجموعی کارکردگی کا گہرائی سے جائزہ لیا گیا اور انہیں اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئیں۔ اس کے علاوہ پنجاب اربن لینڈ سسٹم (PULS) کے اطلاق اور نفاذ کے حوالے سے پیش رفت پر بھی غور کیا گیا تاکہ شہری زمین کے انتظام کو مزید شفاف بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران ای بزنس کے فروغ اور پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) کے اہداف کے حصول کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ سرکاری کارکردگی اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے "کارکردگی ایپ” پر رپورٹ ہونے والے امور کو جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ انتظامی سطح پر کسی بھی سقم کو دور کیا جا سکے۔
انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں شریک حکام نے عوامی خدمات کی فراہمی اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔


