جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان کے عوام کے لیے ایک اور مایوس کن خبر سامنے آئی ہے۔
للِہ انٹرچینج سے دینہ جی ٹی روڈ جہلم تک زیر تعمیر 128 کلومیٹر ڈیول کیرج وے منصوبہ جو 2022 ء میں شروع کیا گیا تھا، فنڈز کی عدم ادائیگی کی وجہ سے التوا کا شکار ہو گیا ہے۔ حکومتی نمائندوں کی جانب سے 5 جنوری 2025 کو کام دوبارہ شروع کرنے کا وعدہ بھی وفا نہ ہو سکا جس کے باعث حلقے کے عوام مزید مایوسی کا شکار ہیں۔
یہ منصوبہ 13 ارب روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل ہونا تھا، لیکن تین سال گزرنے کے باوجود صرف 20 کلومیٹر سڑک مکمل ہو سکی ہے۔ نامکمل کام اور ادھوری سڑک کی وجہ سے عوام اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حلقہ این اے 61 جہلم اور حلقہ پی پی 26 پنڈ دادن خان کے رہائشی اس صورتحال سے ذہنی دباؤ میں مبتلا ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی مفلوج ہو چکی ہیں۔
ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک جگہ جگہ گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور ٹرانسپورٹرز کو گاڑیاں چلانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عوام نے حکومتی نمائندوں پر جھوٹے وعدوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب کسی بھی سیاسی بیان پر یقین کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات کے ساتھ عوام کو محفوظ سفر کی سہولت میسر آئے گی۔ مختلف شہری تنظیموں نے بھی حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل کو ترجیح دی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔
حلقے کے عوام نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کو فوری مکمل کرنے کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ عوام کی مشکلات کم ہوں اور ٹریفک کا نظام بحال ہو سکے۔


