جہلم: ضلع جہلم میں بطور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر تعینات ہونے کے بعد انجینیئر سعید احمد نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا اور سینٹرل ریسکیو اسٹیشن جہلم کا دورہ کرتے ہوئے افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی۔
دورے کے دوران انجینیئر سعید احمد نے ریسکیورز سے پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور انہیں بروقت رسپانس، مؤثر ٹیم ورک، نظم و ضبط اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ایک اہم ادارہ ہے، اس لیے تمام اہلکار اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، جذبۂ خدمت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں تاکہ ہر ایمرجنسی میں شہریوں کو بروقت اور معیاری امدادی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریسکیو سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے، عملے کی استعداد کار میں اضافے اور عوام کو فوری اور مؤثر ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں شہریوں کی جانیں بچانا ایک عظیم ذمہ داری ہے، جسے پوری لگن، محنت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ نبھانے کی ضرورت ہے۔


