جہلم: سید خلیل حسین کاظمی نے کہ جب بھی وطنِ عزیز کی سرحدوں پر خطرات کے بادل منڈلاتے ہیں اور دشمن میلی آنکھ سے ہماری دھرتی ماں کی طرف دیکھنے کی جسارت کرتا ہے تو سبز ہلالی پرچم کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونے والے ہمارے بہادر جوان ہی ہوتے ہیں۔ یہی افواجِ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں قوم کی امیدوں کا مرکز بنتی ہیں۔
جہلم کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ برف پوش چوٹیوں سے لے کر تپتے ریگستانوں تک، کٹھن پہاڑی چوکیوں سے لے کر سرحدی مورچوں تک، پاک فوج کے سپوت اپنی نیند، آرام اور حتیٰ کہ اپنی جان تک وطن پر نچھاور کرنے سے دریغ نہیں کرتے۔ انہی کی شبانہ روز قربانیوں کے باعث ملک کے شہری امن و سکون کی زندگی بسر کرتے ہیں اور اطمینان سے سوتے ہیں۔
سید خلیل حسین کاظمی کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان محض ایک عسکری ادارہ نہیں بلکہ ملکی خودمختاری، قومی غیرت اور سلامتی کی علامت ہیں۔ اندرونی و بیرونی چیلنجز کے باوجود افواج نے ہمیشہ پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور عزم و استقلال کا مظاہرہ کیا ہے، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ سیاسی اور فکری اختلافات اپنی جگہ، مگر وطن کے دفاع اور سلامتی کے معاملے میں پوری قوم یک زبان اور متحد رہے۔ قومی حلقوں کے مطابق مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے، اور یہ استحکام اسی وقت ممکن ہے جب قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو—کیونکہ وطن ہے تو ہم سب ہیں۔


