جہلم: سرکاری محکموں کے افسران نے دفاتر سے غائب رہنا معمول بنا لیا، جس کے باعث دفتری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کے مطابق ضلعی ہیڈکوارٹر میں موجود صوبائی محکموں کے افسران روزانہ مختلف میٹنگز اور اعلیٰ سرکاری و سیاسی شخصیات کے دوروں کے نام پر دفاتر سے غیر حاضر رہتے ہیں، جس کی وجہ سے ماتحت عملہ بھی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا رہتا ہے اور سائلین کی شکایات کے ازالے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جاتے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ کے مسائل کے حل کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کے باوجود انہیں کوئی شنوائی نہیں ملتی، کیونکہ متعلقہ افسران یا تو ڈپٹی کمشنر آفس کی میٹنگز میں مصروف ہوتے ہیں یا پھر سرکاری و سیاسی شخصیات کو پروٹوکول دینے میں لگے رہتے ہیں۔ ایسے میں شہریوں کو معمولی نوعیت کے سرکاری کاموں کے لیے بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلعی افسران کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا حل اور دفتری امور کی انجام دہی ہونی چاہیے، مگر اس کے برعکس وہ دفاتر میں موجود نہ ہونے کا جواز ڈپٹی کمشنر کی میٹنگز اور اعلیٰ حکام کے دوروں کو بنا رہے ہیں، جس کی وجہ سے سائلین دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرکاری افسران کو غیر ضروری میٹنگز اور پروٹوکول سے آزاد کر کے انہیں اپنے دفاتر میں حاضری یقینی بنانے کا پابند کریں تاکہ دور دراز سے آنے والے سائلین کے مسائل فوری حل ہو سکیں اور عوامی مشکلات میں کمی واقع ہو۔


