دینہ: نان کسٹم پیڈ سگریٹ کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، لاکھوں روپے مالیت کے نان کسٹم پیڈ سگریٹ قبضے میں لے لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں اسسٹنٹ کمشنر تیمور خان کو اطلاع ملی کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے نان کسٹم پیڈ اشیاء، بالخصوص سگریٹ کی کھیپ منتقل کی جا رہی ہے، جس پر انہوں نے فوری طور پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر منور حسین سے رابطہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کی اطلاع پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر منور حسین نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انسپکٹر اسد ہارون کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
محکمہ ایکسائز کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی سے جہلم آنے والی ہائی ایس کو دینہ کے مقام پر روک کر تلاشی لی، جہاں سے لاکھوں روپے مالیت کے نان کسٹم پیڈ سگریٹ برآمد کرکے قبضے میں لے لیے گئے۔
کارروائی کے بعد اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے محکمہ ایکسائز کی ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور ہدایت کی کہ نان کسٹم پیڈ اشیاء کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف آئندہ بھی مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
حکام کے مطابق غیر قانونی اور نان کسٹم پیڈ اشیاء کی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے نگرانی اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔


