اسلام آباد: امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ تین ہفتوں پر محیط روحانی تربیتی دورہ برطانیہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ایئرپورٹ پر سلسلہ عالیہ کے سالکین کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے اپنے روحانی پیشوا کا والہانہ استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر امیر عبدالقدیر اعوان نے فرداً فرداً تمام آنے والوں سے مصافحہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
دورہ برطانیہ کے دوران انہوں نے مختلف شہروں، جن میں ویلز، لندن، برمنگھم، مانچسٹر، بریڈفورڈ اور نیوکاسل شامل ہیں، میں سراجا منیرا کانفرنسز سے خطاب کیا۔ ان پروگرامز میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور روحانی تربیت حاصل کی۔
انہوں نے برمنگھم اور بریڈفورڈ میں قائم سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے مراکز (دارالعرفان) کا بھی دورہ کیا، جہاں سالکین کو ذکرِ قلبی کی تربیت دی اور ان کے اسباق کروائے۔
مزید برآں، جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں بھی انہوں نے لندن ہونسلو سینٹرل مسجد اور دارالعرفان بریڈفورڈ میں خطابات کیے، جبکہ مختلف کمیونٹیز سے ملاقاتیں بھی کیں۔
برطانیہ کے مختلف ٹی وی چینلز، جن میں اسلام ٹی وی اور ڈی ایم ٹی وی شامل ہیں، نے ان کے ساتھ خصوصی لائیو پروگرامز بھی نشر کیے۔ اس کے علاوہ ان کے دورے کو پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر بھی بھرپور کوریج دی گئی۔
ذرائع کے مطابق یہ دورہ نہایت مصروف اور روحانی سرگرمیوں سے بھرپور رہا، جس کے کامیاب اختتام پر امیر عبدالقدیر اعوان وطن واپس پہنچے، جہاں ان کے عقیدت مندوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔


