جہلم شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے میونسپل کمیٹی جہلم کی جانب سے گرینڈ آپریشن کلین اپ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے، جس کے تحت پختہ تجاوزات کو مسمار کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کے نتیجے میں اندرون شہر کے بازاروں میں تجاوزات کا خاتمہ ہونے لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کی ہدایت پر ضلع بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کی زیر نگرانی عملے نے اقبال لائبریری روڈ، چوک گنبد والی مسجد، اور شاندار چوک پر کارروائی کرتے ہوئے سڑک کے دونوں اطراف قائم عارضی اور پختہ تعمیرات کو ہٹا دیا۔
تاہم محمدی چوک، قبرستان روڈ، نیا بازار، جادہ چوک، سول لائن روڈ، بلال ٹاؤن، چونترہ، کھرالہ، کالا گجراں، اور روہتاس روڈ پر اب بھی تجاوزات مافیا کی موجودگی انتظامیہ کے لیے چیلنج بنی ہوئی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے مزید سخت اقدامات کریں تاکہ شہر کی سڑکیں اور بازار تجاوزات سے پاک ہو سکیں۔


