دینہ/ منگلا: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ کی تھانہ منگلا کینٹ میں کھلی کچہری، شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم ناصر محمود باجوہ نے جہلم کی تحصیل دینہ کے تھانہ منگلا کینٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں اہل علاقہ کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر لوگوں نے اپنے مسائل پیش کیے، جن پر فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنانا جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اگر کسی شخص کو مقامی پولیس کے رویے یا تفتیش پر اعتراض ہو تو وہ براہ راست مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے۔ آئی جی پنجاب کے احکامات کے تحت فوری انصاف عوام کی دہلیز پر فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز، تحفظ مراکز، میثاق سینٹرز، اور مصالحتی کونسلز کا قیام عوام کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔ تھانوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
تھانہ منگلا کینٹ کا دورہ
قبل ازیں ڈی پی او جہلم نے تھانہ منگلا کینٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے کی بلڈنگ، فرنٹ ڈیسک، مال خانہ، حوالات، اور میس ہال کا جائزہ لیا۔
ڈی پی او نے اس موقع پر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ایف آئی آر کے اندراج کو ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے۔ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل فوری حل کریں۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے تھانوں اور دفاتر کے وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سرکاری تنصیبات ہماری امانت ہیں اور ان کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔


