جہلم پولیس نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر جھوٹی کالیں کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ صدر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اس ملزم کو گرفتار کیا جس نے ایمرجنسی 15 پر جان سے مارنے کی کوشش کی جھوٹی اطلاع دی تھی اور بعد ازاں اپنا موبائل فون بند کر دیا تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
اسی طرح ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ایمرجنسی 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی کال کرنے والے ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ایمرجنسی سروسز پر جھوٹی اطلاع دینا قانوناً جرم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایمرجنسی 15 کو صرف حقیقی اور ہنگامی صورتحال میں استعمال کریں تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔


