جہلم شہر میں سٹریٹ لائٹس کا نظام بری طرح متاثر، گلیوں ، بازاروں اور اوور ہیڈ برج پر سر شام اندھیرے کا راج چھانے لگا ،چوروں ڈاکوؤں اور نشئیوں کی موجیں لگ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی انتظامیہ کی عدم توجہی اور نا اہلی کے باعث شہر کا سٹریٹ لائٹس نظا م بری طرح متاثر ہو چکا ہے، شہر بھر کی گلیوں، بازاروں اور جی ٹی روڈ مجاہدآباد اوور ہیڈ برج پر سر شام اندھیرہ چھا جاتا ہے جس کے باعث جرائم پیشہ عناصر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں سے جمع پونجی چھین لیتے ہیں۔
میونسپل کمیٹی نے شہریوں کے مسائل سے مکمل لا تعلقی اختیار کررکھی ہے جس کی وجہ سے شہر میں جنگل کا قانون نافذ ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر ایم سی سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر کی سٹریٹ لائٹس کی بد حالی پر نوٹس لیتے ہوئے سٹریٹ لائٹ کی بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔