جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ای اینڈ ای ڈی سینٹر شاندار چوک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سنٹر میں موجود مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے طبی سہولیات کے معیار اور دستیابی کے حوالے سے دریافت کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے میڈیکل سینٹر کے ریکارڈ، ادویات کی فراہمی اور علاج معالجے کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایات جاری کیں کہ شہریوں کو بنیادی طبی سہولیات ہر صورت میں یقینی بنائی جائیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت علاج فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ڈپٹی کمشنر کی خصوصی دلچسپی کو سراہا۔


