جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں گرانفروشی کا سلسلہ نہ رک سکا، مہنگائی کی ستائی عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ، تمام تر دعوؤں کے باوجود شہراور ملحقہ علاقوں کی مختلف دکانوں پر مقررہ نرخوں سے زائد میں اشیائے ضروریہ کی فروخت کا سلسلہ نہ رک سکا۔ دکانداروں کی جانب سے من مانے نرخوں پر سبزیوں کی فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ کئی دکانداروں کی جانب سے ریٹ لسٹ بھی آویزاں نہیں کی جارہی۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز بھی شہر اور گردونواح کے دکاندار سرکاری نرخ ناموں کے بر عکس من مانے نرخوں پر سبزیاں فروخت کرتے رہے جبکہ سبزیوں کی قیمتوں کو لیکر شہریوں اور دکانداروں کے درمیان بحث و تکرار بھی چلتی رہی سرکاری نرخوں کے برعکس اشیائے ضروریہ کی فروخت پر شہری سراپا احتجاج بنے رہے۔
آلو کی سرکاری قیمت110 روپے مقرر کی گئی تاہم بازار میں 120 روپے تک فروخت ہوتے رہے، پیاز105 روپے کی بجائے120 روپے، ٹماٹر 145 روپے کی بجائے 170 روپے ، ادرک450 روپے کی بجائے 500 روپے، بند گو بھی 110 کی بجائے 120 روپے شملہ 115 کی بجائے130 روپے مٹر200 روپے کی بجائے 230 ، میتھی35 روپے کی بجائے50 روپے تک فروخت ہوتی رہی۔
پھلوں میں کیلا 110 روپے کی بجائے 150 روپے، مسمی 115 روپے کی بجائے 150 روپے، انگور 345 کی بجائے400 روپے ،ا نار 265 کی بجائے 300 روپے ، شکرقندی 75 روپے کی بجائے 150 روپے میں فروخت کی جاتی رہی۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا کہ گراں فروش سرکاری نرخ نامے کو ماننے سے انکاری ہیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس منافع خوروں کو لگام ڈالنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے بھی کارروائیوں کے نام پر صرف فوٹو سیشن اور دعوے کیے جارہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے سے ہی مہنگی سبزیوں کو منافع خور مزید مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں لیکن ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ،ایک شہر میں مختلف سبزیوں کی دکانوں پر سبزیوں کے نرخ بھی مختلف ہیں کوئی مقررہ نرخوں سے 20 سے 30 اور تو کوئی 40 روپے تک مہنگی فروخت کررہا ہے لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی۔
شہریوںنے نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔
جناب عابد صاحب
روزآنہ کی پوسٹ دیکھتا ہوں آپ صرف واویلا مچا رہے ہیں کے گراں فروشی ہو رہی ہے آیا کے آپ کو اس کام کا کوئی تجربہ ہے یا آپ نے کبھی یہ کام کیا ہے ہر چوک میں پرچی مافیا کھڑی ہے کبھی اُن کے خلاف کوئی ایکشن لیا ہے آپ نے یا صرف آپ کو سبزی منڈی نظر آتی ہے جو ریٹ گورنمنٹ دیتی ہے اُس کے مطابق تو قیمت خرید نہیں ہوتی تو ریٹ کیسے نکل جاتا ہے کبھی منڈی وزٹ کریں اور منڈی والوں کی آواز بھی سنیں
اللہ تعالیٰ حامی و ناصر ہو