پنڈدادنخان: ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت اور ڈی ایس پی پنڈدادنخان کی سربراہی میں ایل سی آئی کھیوڑہ (لیبر کالونی انسٹی ٹیوٹ) پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ایک اہم موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔
اس مشق کا مقصد کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی یا دہشتگردی کی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اداروں کی تیاری اور باہمی رابطہ کو مؤثر بنانا تھا۔
موک ایکسرسائز میں ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD)، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (SPU)، ریسکیو 1122 اور دیگر سیکیورٹی و امدادی اداروں نے بھرپور شرکت کی۔
ایکسرسائز کے دوران مختلف فرضی ہنگامی حالات کے تحت عملی مظاہرے (ڈرلز) کیے گئے تاکہ متعلقہ اداروں کی فوری ردِ عمل کی صلاحیت کو جانچا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ اہم عمارات اور تنصیبات پر سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ضلع جہلم میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پولیس ہر وقت تیار ہے اور ایسے اقدامات عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہیں۔


