سوہاوہ: تھلہ چوہدریاں کے معروف و معزز خاندان سے تعلق رکھنے والے صوبیدار (ر) چوہدری مسعود احمد کے جواں سال بیٹے چوہدری اسد مسعود دبئی میں انتقال کر گئے، جہاں وہ روزگار کے سلسلے میں مقیم تھے۔ جوان بیٹے کی اچانک وفات کی خبر ملتے ہی پورا گاؤں اور علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔
مرحوم کی میت تمام قانونی اور سفارتی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پاکستان منتقل کی گئی۔ جیسے ہی میت آبائی گاؤں تھلہ چوہدریاں پہنچی تو ہر آنکھ اشکبار ہو گئی اور گھر میں کہرام مچ گیا۔ والدین، بھائیوں، رشتہ داروں اور اہلِ علاقہ کے لیے یہ صدمہ ناقابلِ برداشت تھا۔ جواں سال بیٹے کا جنازہ دیکھ کر ہر شخص غم سے نڈھال دکھائی دیا۔
مرحوم چوہدری اسد مسعود کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں تھلہ چوہدریاں میں ادا کی گئی، جس کی امامت معروف عالمِ دین علامہ مولانا شکیل احمد وارثی نے کی۔ نمازِ جنازہ میں سیاسی، سماجی، کاروباری، مذہبی، تعلیمی اور قانونی شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ دور دراز علاقوں سے بھی لوگوں کی بڑی تعداد جنازے میں شریک ہوئی۔
نمازِ جنازہ میں سابق ایم پی اے چوہدری محمد ثقلین، سابق چیئرمین یونین کونسل کوہالی چوہدری عاشق حسین، سابق چیئرمین یونین کونسل ججیال ملک اشفاق، تحصیلدار سوہاوہ شفیق احمد، ملک واحد منیجر ایچ بی ایل سوہاوہ، چوہدری شہزاد الحق پوٹھہ، چوہدری عامر ڈائریکٹر نیشنل سکول نگیال، چوہدری احسن محمود ڈائریکٹر دی ویژن سکول اینڈ کالج بڑاگواہ، چوہدری نوید کلرہ، چوہدری عابد گھنومیرا، چوہدری امان اللہ، چوہدری فداالحق سابق ناظم، ملک سفیر احمد مدن، چوہدری یونس سیری گھنیال، چوہدری جہانگیر بھاٹی، چوہدری سعید ایڈووکیٹ، چوہدری فخر رشید ایڈووکیٹ، نوازش علی ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔
نماز جنازہ میں راجہ رؤف کیانی سابق کونسلر، راجہ محمد انور کیانی سابق سینئر ہیڈ ماسٹر، مہر لیاقت سیاسی شخصیت داتا سوہن، چوہدری عثمان پوٹھہ، راجہ عبید اللہ سینئر نائب صدر گکھڑ فیڈریشن سوہاوہ، راجہ عبدالستار گوڑا اتم سنگھ، راجہ عدنان کیانی بڑاگواہ، چوہدری پرویز اختر نگیال، حاجی عبدالرشید، راجہ عمر غوری، نمبردار حسین اختر، عمران رمضان، راجہ قدرت دھمیال، چوہدری تنویر، چوہدری مہوش غضنفر، راجہ شاہد دھمیال، راجہ اظہر دھمیال، چوہدری جاوید افضل، چوہدری ساجد، چوہدری ظفر پرویز، راجہ ناصر، چوہدری حنضلہ انفارمیشن سیکرٹری، چوہدری عثمان بشارت اور چوہدری مسرت نواز دھمیال سمیت دیگر اہم شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ تدفین کے وقت والد صوبیدار (ر) چوہدری مسعود احمد اور دیگر لواحقین غم سے نڈھال تھے۔ شرکاء نے قبر پر مٹی ڈالی اور مرحوم کی مغفرت و بلندیٔ درجات کے لیے دعائیں کیں۔ اس موقع پر قبرستان میں انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
اس موقع پر دھمیال فورم ضلع راولپنڈی اور کور کمیٹی دھمیال کی جانب سے چوہدری اسد مسعود کی قبر پر پھولوں کی چادر اور گلدستہ چڑھایا گیا، جبکہ مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
شرکاء نے مرحوم کے والد صوبیدار (ر) چوہدری مسعود احمد اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جواں سال بیٹے کی جدائی کا صدمہ ناقابلِ برداشت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری اسد مسعود متعدد ضرورت مندوں کا سہارا تھے اور نیکی کے ہر کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ انہیں بچوں سے بھی بے حد محبت تھی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔


