جہلم: مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے نائب امیر اور جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر کی خصوصی دعوت پر گزشتہ روز 20 نومبر کو نمازِ مغرب کے بعد جامعہ علوم اثریہ میں اظہارِ تشکر اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع جہلم بھر سے جماعتی ذمہ داران، علمائے کرام، کارکنان اور احباب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس کا بنیادی مقصد 15 نومبر کو لاہور میں منعقد ہونے والی آل پاکستان کانفرنس بعنوان ’’تحفظ حرمین شریفین و استحکام پاکستان‘‘ میں ضلع جہلم کے کارکنان کی بھرپور اور تاریخی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرنا تھا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ 15 نومبر کی عظیم الشان کانفرنس میں شرکت کے لیے ضلع جہلم سے 25 گاڑیوں پر مشتمل ایک فقید المثال قافلہ لاہور روانہ ہوا، جو ماضی میں اہلِ جہلم کی نمائندگی کے حوالے سے ایک نیا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ حرمین شریفین کے مقدس مشن کے لیے اہلِ جہلم کے والہانہ جذبات اور نظم و ضبط کو مرکزی قیادت کی سطح پر بھی بے حد سراہا گیا۔
مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے حافظ عبدالحمید عامر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ مشاورت اور رابطے کے ایسے اجلاسوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم میں تبلیغی نیٹ ورک اور مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع جہلم کے پلیٹ فارم کو مزید منظم اور مستحکم کیا جائے گا۔ ہم سب مل کر ایک مضبوط جماعت کی صورت میں کتاب و سنت کی خالص دعوت کو ضلع جہلم کے کونے کونے تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی جب جماعت کی طرف سے دعوت دی جائے گی تو اہلِ جہلم اسی مثالی جوش و جذبے کے ساتھ لبیک کہیں گے۔ آخر میں انہوں نے تمام کارکنان کی انتھک محنت کو سراہا اور ان کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
اس موقع پر مدیر الجامعہ حافظ احمد حقیق نے بھی خطاب کرتے ہوئے کارکنان کے جذبے کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے لیے کارکنان کا جوش و خروش انتہائی قابلِ ستائش اور دیدنی تھا، جسے دیکھ کر دلی مسرت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جذبہ اس بات کا غماز ہے کہ اہلِ جہلم دینِ اسلام اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں۔
مدیر التعلیم مولانا عکاشہ مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانفرنس سے قبل مسلسل دو ہفتوں تک اپنے بزرگ محسن و مربی حافظ عبدالحمید عامر اور ناظمِ تبلیغ مولانا سید قطب شاہ کی شبانہ روز محنت اور لگن دیکھ کر ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ جہلم کا قافلہ نہایت کامیاب اور مثالی ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام جدوجہد کی بنیاد خالصتاً للہیت اور اخلاص پر تھی اور جس کام میں اخلاص شامل ہو جائے، اس میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے خصوصی نصرت اور برکت نازل ہوتی ہے۔
اجلاس میں شریک جماعتی احباب اور کارکنان نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی قیادت کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے انہیں تحفظ حرمین شریفین کے حوالے سے اپنے دلی جذبات کے اظہار کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم مہیا کیا۔ کارکنان نے ضلعی قیادت، بالخصوص حافظ عبدالحمید عامر اور ناظمِ تبلیغ ضلع جہلم مولانا سید قطب شاہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے بھرپور ترغیب اور دعوت کے ذریعے پورے ضلع کے احباب کو یکجا کیا۔
شرکائے اجلاس نے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی مرکزی قیادت، امیر محترم سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، ناظمِ اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی اور کانفرنس کے ناظم مولانا سید سبطین شاہ نقوی کی شبانہ روز کاوشوں کو بھی شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ لاہور کے عظیم اجتماع میں اہلحدیثوں کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر کو دیکھ کر اور اکابرین کے پُرمغز خطابات سن کر جہاں ان کی فکری و اصلاحی تربیت ہوئی، وہیں جماعتی قوت کے اظہار کا بھی بھرپور موقع ملا۔
نمازِ عشاء سے قبل جامعہ علوم اثریہ کی جانب سے اجلاس کے تمام شرکاء کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیے کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا۔ شرکاء نے اس بابرکت تقریب، بہترین انتظامات اور میزبانی کو سراہا اور اس عزم کے ساتھ رخصت ہوئے کہ آئندہ بھی دینِ حنیف اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے اہلِ جہلم صفِ اول میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔


