جہلم: صدر پاکستان اور الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی حتمی تاریخ کے باضابطہ اعلان سے قبل ہی ضلع بھر میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے عام انتخابات کی غیر اعلانیہ تیاریاں شروع ہوگئی تھیں۔
ضلع بھر میں تحریک لبیک پاکستان ،پاکستان عوامی تحریک ،پاکستان مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی ، استحکام پاکستان پارٹی، جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں سے وابستہ رہنماء انتخابی میدان میں اترنے کے لئے سرگرم ہو گئے تھے ، سیاسی ڈیرے بیٹھکیں کھلنا شروع ہو چکی ہیں۔
ہر جماعت کے رہنما اور کارکنان اپنی اپنی جماعتوں کے متوقع امیدواروں کی لسٹیں بنا کر ہوٹلوں چوک چوراہوںمیں بحث مباحثوں میں مگن ہیں، ناراض کارکنوں کے گھروں پر جانے کا سلسلہ بھی غیر معمولی تیز ہو گیا، بستر علالت پر پڑے کارکنوں کی تیمار داریاں بھی اچانک بڑھ گئیں ہیں۔ ضلع کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے اپنی اپنی جماعتوں میں جوڑ توڑ تیز کر دیئے ہیں۔
سابق ایم این اے چوہدری فرخ الطاف ،سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم ،سابق ایم پی اے چوہدری لال حسین ،سابق ایم پی اے راجہ اویس خالد ،سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض ،سابق ایم پی اے چوہدری نذر حسین گوندل ،امیدوار ایم این اے عابد اشرف جوتانہ ،امیدوار قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی ،سابق ایم پی اے چوہدری سعید اقبال ،سابق ایم پی اے چوہدری تسنیم ناصر اقبال گجر ،امیدوار قومی اسمبلی امیر حمزہ کرمانی ،امیدوار برائے صوبائی اسمبلی تیمور نواز جٹ غیر معمولی سرگرم ہو گئے ہیں۔
سیاسی جماعتوں کے قائدین نے عوامی رابطے نہ صرف تیزکئے ہیں،بلکہ شادی بیاہ اور نماز جنازہ کے مواقعوں پر اگلی لائنوں میں کھڑے دکھائی دیتے ہیں، شہر میں مسلم لیگ ن کو متحرک بنانے میں گھرمالہ خاندان نے پچھلے 5سالوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
سابق ایم این اے چوہدری خادم حسین ،سابق ایم پی اے چوہدری لال حسین،سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم،ضلعی صدر مسلم لیگ ن چوہدری بوٹا جاوید سیاسی جماعتوں کے قائدین کی ایک دوسرے کے ساتھ بھی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے عابد اشرف جوتانہ نے حلقہ این اے 61 میں نئی ہلچل مچاء دی ہے ، تاہم استحکام پاکستان پارٹی نے ضلع جہلم میں کسی سیاسی شخصیت کو ذمہ داریاں نہیں سونپی اور نہ ہی ضلع بھر میں استحکام پاکستان پارٹی کا کوئی امیدوار موجود ہے۔
انتہائی باوثوق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اگلے چند روز میں ضلع جہلم کی سیاست میں آئی پی پی کے امیدواران بھی نمودار ہونا شروع ہوں گے، گھرمالہ خاندان اور چوہدری فرخ الطاف شہر اور مضافاتی علاقوں کی سیاسی سرگرمیوں میں خاصے مصروف دکھائی دیتے ہیں۔
قومی اور صوبائی حلقوں کی انتخابی مہم میں برادریوں، تاجر، مزدور تنظیموں اور امیدواروں کے اپنے رکھ رکھاؤ کا عمل دخل نمایاں کردار ادا کرے گا کئی فصلی بٹیرے بھی اپنی اپنی سیاسی اڑان بھر کرشہر کے انتخابی سیاسی منظر میں نمودار ہونے کی تیاریاں کر رہے ہیں جبکہ ہر جماعت کے سنجیدہ رہنماء اور کارکنان پیراشوٹرز کے اچانک سے ان ہونے کے امکان کو بھی دبے لفظوں میں ناگواری سے ڈسکس کرتے ہیں ہر گزرتے دن کے ساتھ شہر کی سیاست نئے سے نیا رخ اختیار کرے گی ، یونین کونسل لیول پر بھی اتحاد، اتفاق بنیں گے اور کئی تو اپنے پرانے سیاسی راستے بھی بدلنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔
مسلم لیگ ن کو ضلع جہلم کے حلقہ این اے 61میں ڈیول کیرج وے ، جلال پور شریف کندوال نہر ،ٹوبہ ٹراما سنٹرجبکہ حلقہ این اے 60میں سول ہسپتال میں زیر تعمیر ٹراما سنٹر ،وچلہ بیلا پُل ،پاسپورٹ دفتر ،سوئی گیس دفتر کی شہر سے دور دراز منتقلی ،بجلی گیس پٹرولیم مصنوعات مہنگائی بھی مسلم لیگ ن کے لیے مسائل پیدا کرے گی۔