جہلم: محتسب پنجاب کے احکامات پر پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر نے جہلم کیمپس لاء ڈیپارٹمنٹ کے طلباء پر عائد اور وصول غیرقانونی جرمانے کی رقم کی واپسی کی ہدایت کر دیں۔
طحٰہ عارف ولد عارف حسین نے رواں سال 6 جون کو دفتر محتسب پنجاب جہلم میں شکایت درج کروائی کہ سائل ایل ایل بی پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس کا طالب علم ہے اور وہ غیرقانونی جرمانہ عائد کرنے پر شعبہ قانون کے سربراہ فراز اشرف کی وجہ سے ذہنی کوفت کا شکار ہے۔
محتسب پنجاب میجر (ریٹائرڈ)اعظم سلیمان خان نے23 اگست کو اپنے فیصلے میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کو ہدایت جاری کی کہ وہ جرمانہ کا قانونی جواز بتائیں یا شکایت کنندہ کی مناسب دادرسی کریں۔
محتسب پنجاب کو ڈاکٹر خالدمحمود وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے 16 اکتوبر کو مطلع کیا کہ پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس کے شعبہ قانون کے سربراہ نے کم حاضریوں کی بناء پر طلباء سے جو جرمانہ وصول کیا ہے اس کو یونیورسٹی کے رولز میں کوئی تقویت نہ ہے اور انچارج شعبہ قانون کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ بشمول شکایت کنندہ طلباء سے ناجائز وصول کیا گیا جرمانہ واپس کرکے وائس چانسلر کو آگاہ کرے۔
اس فیصلے سے نہ صرف جہلم کیمپس کے طلباء کو جرمانے کی رقم واپس موصول ہو گی بلکہ اس فیصلے کے اثرات پورے پنجاب بھر کے کیمپس بشمول پنجاب یونیورسٹی مین کیمپس لاہور پر بھی ہوں گے اور جہاں بھی طلباء پر جرمانے لاگو کر کے وصول کئے گئے ہیں وہ واپس کرنا ہوں گے۔