پنڈدادنخان: دارارقم سکولز پنڈدادنخان کیمپس کی ہونہار طالبہ زینب فاطمہ نے تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے میٹرک امتحانات 2026ء میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے اپنے ادارے، اساتذہ اور والدین کا نام روشن کردیا۔
اس شاندار کامیابی پر دارارقم سکولز پنڈدادنخان کیمپس کے زیرِ اہتمام زینب فاطمہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں دارارقم سکولز بورڈ آف گورنرز کے معزز اراکین ڈاکٹر اشتیاق احمد گوندل، یاب سین خان، عامر محمود چیمہ اور چیف آپریٹنگ آفیسر دارارقم سکولز سید بخت زادہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانانِ گرامی میں ڈاکٹر مدثر، چیئرمین رفاہ یونیورسٹی فیصل آباد، انجینئر یحییٰ عبدالعزیز، ریجنل ڈائریکٹر دارارقم سکولز اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت بھی شامل تھیں۔
مقررین نے زینب فاطمہ کو شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز طالبہ کی انتھک محنت، اساتذہ کی مخلصانہ کاوشوں اور والدین کی بھرپور رہنمائی و سرپرستی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زینب فاطمہ کی کامیابی نہ صرف دارارقم سکولز بلکہ پورے پنڈدادنخان کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔
اس موقع پر زینب فاطمہ، ان کے والدین، اساتذہ اور دارارقم سکولز کی انتظامیہ کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی۔ شرکائے تقریب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باصلاحیت طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ وہ مستقبل میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
تقریب کے اختتام پر زینب فاطمہ کے روشن مستقبل، مزید کامیابیوں اور دارارقم سکولز کی تعلیمی میدان میں مزید نمایاں اعزازات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔


