جہلم شہر ایک بار پھر تجاوزات کی زد میں آ گیا ہے، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر راولپنڈی کے واضح احکامات کو ہوا میں اُڑا دیا گیا ہے۔ اندرونِ شہر کے بازاروں میں پیدل چلنا دوبارہ مشکل ہو گیا ہے جبکہ تجاوزات کے خلاف کیے گئے تمام اقدامات ایک مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر راولپنڈی نے راولپنڈی ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم شروع کروائی تھی۔ اس مہم کے دوران کئی روز تک شہر کے مختلف علاقوں میں قائم پختہ تجاوزات کو ختم کیا گیا، جس سے بازاروں کی کشادگی بحال ہوئی اور شہریوں نے اس حکومتی اقدام پر خوشی کا اظہار کیا۔
تاہم عیدالفطر کے موقع پر انتظامیہ نے تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں روک دیں۔ اس نرمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریڑھی بانوں اور چھابڑی فروشوں نے دوبارہ بازاروں میں قبضے جمانے شروع کر دیے۔ "عید تک سہولت” کے نام پر قائم کی جانے والی عارضی تجاوزات اب مستقل صورت اختیار کر چکی ہیں، جس کے باعث شہر کے گنجان بازار ایک بار پھر تنگ و تاریک گلیوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بازاروں میں دوکانداروں اور ریڑھی بانوں کو عارضی طور پر سہولت دینے میں میونسپل کمیٹی انتظامیہ کا اہم کردار رہا ہے، جس کے باعث تجاوزات کے خاتمے کی مہم متاثر ہوئی۔
شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر راولپنڈی سے فوری نوٹس لینے اور شہر کو تجاوزات سے مستقل نجات دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔


