جہلم: عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ جہاں اہل ایمان میں سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کا جذبہ عروج پر ہے، وہیں ضلع جہلم میں سرکاری سطح پر مویشی منڈیوں کے عدم قیام نے شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
جہلم شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں تاحال باقاعدہ مویشی منڈی یا مخصوص سیل پوائنٹس قائم نہ کیے جانے پر شہریوں اور سماجی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ لاکھوں نفوس پر مشتمل ضلع میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے مناسب انتظامات نہ ہونا ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، جس کے باعث لوگوں کو قربانی جیسے اہم مذہبی فریضے کی ادائیگی کے لیے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
عوامی حلقوں کے مطابق منظم مویشی منڈیوں کے نہ ہونے سے شہریوں کو نہ صرف جانوروں کی خریداری میں دشواری پیش آ رہی ہے بلکہ ٹریفک مسائل، صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔
شہریوں اور سماجی تنظیموں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم شہر، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان میں فوری طور پر عارضی مویشی منڈیاں قائم کی جائیں تاکہ شہری آسانی کے ساتھ قربانی کے جانور خرید سکیں اور سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی بہتر انداز میں ممکن ہو سکے۔


