سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے سہولت بازار کی تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران موقع پر زمین کی کھدائی کا کام جاری تھا، جس کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے موقع پر موجود ٹھیکیدار کو سختی سے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار کے میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام ترقیاتی کام مقررہ معیار اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل ہونے چاہئیں۔
انہوں نے منصوبے کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ سہولت بازار کو جلد از جلد مکمل کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سہولت بازار کا بنیادی مقصد عام آدمی کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہے، اس لیے شفافیت اور معیار اولین ترجیح ہے۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے مین بازار کا تفصیلی دورہ بھی کیا، جہاں جاری تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کام کی کوالٹی اور رفتار پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی تاجروں اور دکانداروں سے ملاقات کی اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ان کا فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔
تاجر برادری اور دکانداروں نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بازار کی بہتری اور خوبصورتی سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ خریداروں کو بھی سہولت حاصل ہوگی۔ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے دکانداروں کو یقین دلایا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے اور بازار کی تزئین و آرائش کے تمام کام مکمل نگرانی میں شفاف طریقے سے پایۂ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔


