دینہ میں پاکستانی نژاد برطانوی شہری سمیت 2افراد کو قتل اور ایک شخص کو زخمی کرنے والےملزم کو جرم ثابت ہونے پر دو مرتبہ سزائے موت اور 10 لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا سنا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج جہلم چوہدری فیاض الحسن نے مقدمہ نمبر 104/23، بجرم 302/324/34 ت پ، تھانہ منگلا کینٹ جہلم میں نامزد ملزم احسان کیانی کو زیرِ دفعہ (b302 ت پ ) 2 دفعہ سزائے موت کا حکم اور 10 لاکھ روپے ہرجانہ جبکہ زیرِ دفعہ 324 ت پ 10 سال قید بامشقت اور 50 ہزار جرمانہ اور زیرِ دفعہ 337F6 ت پ دو سال قیدِ بامشقت معہ ایک لاکھ دمان کی سزا سنائی۔
یاد رہے کہ مجرم احسان کیانی نے مارچ 2023میں دینہ کے نواحی علاقہ کرلہ میں فائرنگ کر کے محمد قیوم اور شفاعت علی کو قتل جبکہ قیصر محمود کو زخمی کر دیا تھا۔ شفاعت علی پاکستانی نژاد برطانوی شہری تھا جو کافی عرصے بعد پاکستان واپس آیا تھا۔ مجرم نے عمرہ کے بہانے بیرون ملک فرار ہونے کے لیے پاسپورٹ بھی بنوا رکھا تھا تاہم تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے جدید سائنٹیفک طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔


